Aaj Logo

شائع 04 مارچ 2024 06:38pm

کراچی میں درجہ حرارت 11 ڈگری تک پہنچ گیا، موسم مزید سرد ہونے کی پیشگوئی

جمعہ یکم فروری کو ہونے والی بارش کے بعد کراچی میں موسم مزید سرد ہوتا جا رہا ہے اور اب اس میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 11.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو مارچ کے معمول سے 8.3 ڈگری کم ہے، جبکہ ایک دو روز سندھ میں درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 10 ڈگری کم رہے گا۔

کراچی میں مارچ کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 19.4 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ جمعہ سے درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 5 مارچ کو بلوچستان پر اثر انداز ہوسکتا ہے، بلوچستان پر اثر انداز ہونے والے سسٹم کے زیر اثر سندھ میں بارش کا امکان نہیں ہے، اسی طرح 11 مارچ کو مغربی ہواؤں کا سسٹم بھی ملک پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے، مارچ کے سسٹم سے کراچی میں بارش کی پیشگوئی قبل ازوقت ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں شدید سردی کی لہر میں 6 مارچ سے کمی آنے کا امکان ہے۔

Read Comments