Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 01:19pm

وزیراعظم سے آصف زرداری اور وفد کی ملاقات، ساتھ کھڑے رہنے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آصف زرداری نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات گزشتہ شب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک تھے۔

اس کے علاوہ ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی بھی موجود تھے۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوران ملاقات آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر اور عوام کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کے لیے ایک مرتبہ پھر سے موقع دیا، خادم پاکستان منتخب کرنے کیلئے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ خدا کے کرم اور اپنی محنت سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

Read Comments