Aaj Logo

شائع 11 مارچ 2024 08:36pm

15 رمضان تک ثابت ہوجائے گا کہ آئن سٹائن کا تجربہ فیل ہوگیا، فیصل واوڈا

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ 15 رمضان تک ثابت ہوجائے گا کہ تجربہ فیل ہوگیا ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ عہدوں کی بندر بانٹ ہوگئی ہے، آپ سب کو جمہوریت کا تسلسل مبارک ہو، لیکن کیا اس بندربانٹ سےعوام کےمسائل حل ہوجائیں گے؟

انہوں نے کہا کہ ہم اس انداز کی جمہوریت کو مسترد کرچکے ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اپیل ہے کہ ملک کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں اور مولاجٹ بننے کے بجائے ملک کی بھلائی کا سوچیں۔

فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کیلئے یہ آخری اقتدار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تصادم، جلسے اور جلوسوں کی سیاست سےنکلنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی سے متعلق آئینی ترمیم کی ضرورت ہے تو ترمیم ہونی چاہئے۔

فیصل واوڈا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عمران خان کے اطراف موجود لوگ ٹرپل ایجنٹ کا کام کررہے ہیں اور ہرطرف رابطے کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے مطلوب ملزمان کو الیکشن لڑنےکی اجازت مل گئی، 9 مئی کا ایک مطلوب ملزم صوبے کا وزیراعلیٰ بن گیا، یہ خوفناک صورتحال پیدا ہوتی نظر آرہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت جیسے بھی آئی آگئی، اب حکومت قائم ہوچکی ہے، لیکن یہ بہت سے لوگوں کا آخری اقتدار ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ حکومتیں ڈیلیور نہیں کر پائیں گی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سیاست بے شرمی اور بے حیائی کا کام بن چکی ہے، 15 رمضان تک چیزوں کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہوں گی، اس جمہوریت کی مرچوں سے عوام کی چیخیں نکلیں گی، اب سب کو اس جمہوریت کا مزہ آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے آئن سٹائن کا نام سوچ سمجھ کر لیا، آئن سٹائن تجربہ کرنے والا شخص تھا، 15 رمضان تک ثابت ہوجائے گا کہ آئن سٹائن کا تجربہ فیل ہوگیا ہے۔

Read Comments