Aaj Logo

شائع 05 اپريل 2024 10:29am

ٹیکس دہندگان کو آنر کارڈ دینے کا نوٹیفکیشن جاری

ملک کے بڑے ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کے لئے گزشتہ دنوں انھیں خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اب ٹیکس دہندگان کو آنر کارڈ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ایف بی آر کی جانب سے اس مقصد کے لئے باقاعدہ طور پر ٹیکس ایئر دو ہزار تئیس کے لیے پاکستان آنر کارڈ اسکیم متعارف کروائی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنر کارڈ رکھنے والے ٹیکس دہندگان کو کارڈ کے اجراء کی تاریخ سے ایک سال تک مراعات اور سہولیات حاصل رہیں گی۔

اسکیم کا اطلاق ٹیکس ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب میں وزیراعظم سے ایوارڈ وصول کرنے والے ہر کٹیگری کے ٹاپ ٹیکس دہندگان پر ہوگا۔

اسکیم کے تحت نو بڑے برآمد کنندگان کو پاکستان آنر کارڈ جاری کیے جائیں گے، کیمیکل پراڈکٹس، فوڈ پراڈکٹس، لیدر، مشینری، فارما سیوٹیکل اور کھیلوں کے سامان کے شعبے سے دو دو بڑے ایکسپورٹرز کو کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

اسٹیل اینڈ میٹل پراڈکٹس، پیپر اینڈ پلاسٹک سمیت دیگر شعبوں میں سب سے زیادہ برآمدات کرنے والے ایک ایک بڑے برآمد کنندہ کو یہ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

Read Comments