Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2024 05:06pm

ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، وزیرِ اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے معاملات کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سکیورٹی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

دوران اجلاس میں وزارت داخلہ نے وزیرِاعظم کو ملکی مجموعی امن و سلامتی کی صورتحال اور وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور صوبائی انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹس کی مزید بہتری کے لیے صوبوں سے تعاون بڑھانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی بالخصوص مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاسوں کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے تمام سیکیورٹی اداروں کو چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے سیکیورٹی ایس او پیز کے باقاعدگی سے آڈٹ کے لیے ایک جامع لائحہ عمل بنانے کی ہدایت بھی کی۔

Read Comments