شائع 09 دسمبر 2025 11:02am

’دُھرندھر‘ میں اکشے کھنہ کے وائرل ڈانس کی دلچسپ کہانی

بولی ووڈ فلم دھُرندھر میں اکشے کھنہ کے انٹری سین نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اکشے کا مشہور ڈانس مکمل طور پر غیر ارادی تھا۔

اس وائرل سین کےحوالے سے فلم میں اکشے کے ساتھ کام کرنے والے اداکار دانش پانڈور نے انکشاف کیا ہے کہ اکشے نے خود ہی یہ رقص کیا تھا۔ دانش پانڈور فلم میں عزیر بلوچ کا کردار نبھا رہے ہیں۔

بولی وڈ فلم ’دُھرندھر‘ بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز

فلم دھُرندھر ایک جاسوسی ایکشن تھرلر ہے، جس کی ہدایت کار آدیتیہ دھر نے کی ہے۔ اکشے کھنہ نے اس فلم میں رحمان ڈکیت کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک طاقتور پاکستانی گینگسٹر تھا۔

اکشے کا انٹری سین، جس میں وہ سیاہ سوٹ میں ملبوس گاڑی سے نکل کر ہجوم کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس وقت وائرل ہو گیا جب وہ اچانک سین میں ہوتے مقامی رقص میں شامل ہو جاتے ہیں۔

دانش پانڈور نے فلمی گیان کو بتایا کہ اکشے کھنہ نے جو رقص کیا، وہ مکمل طور پر غیر ارادی تھا۔ ”کوریوگرافی چل رہی تھی، اور اچانک اکشے سر نے ادیتیہ سے پوچھا، ’کیا میں رقص کر سکتا ہوں؟‘ ادیتیہ نے کہا، ’جو تمہیں اچھا لگے، وہ کرو۔‘ پھر اکشے نے سب کو دیکھ کر اپنے طور پر رقص شروع کر دیا، اور ہم سب دنگ رہ گئے۔“

فلم دھُرندھر کے وائرل انٹری سین میں استعمال ہونے والی موسیقی’ FA9LA ‘ہے، جسے بحرین کے معروف ہپ ہاپ آرٹسٹ فلپراچی نے پرفارم کیا ہے۔ یہ گانا عالمی سطح پر مقبول ہو چکا ہے۔

ریلیز سے پہلے ’دُھرندھر‘ کی کہانی سامنے آگئی، ساڑھے 3 گھنٹے دورانیہ

اکشے کھنہ کا یہ رقص سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا تو مداحوں نے بھرپور ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ”یہ مکمل طور پر ایک بینگ ہے، لاجواب انداز میں کوریوگرافی اور شوٹنگ۔“

دوسرے صارف نے کہا، “وہ سال میں ایک یا دو بار آتے ہیں، لیکن کیا اداکار ہیں! وہ ہمیشہ روشنی میں نہیں رہتے، ان کی قدر بہت کم کی جاتی ہے۔

دھُرندھر کی پزیرائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر اکشے کھنہ کی پرفارمنس اور ان کے اسٹائلش انداز نے فلم میں مزید رنگ بھر دیا ہے۔

یہ فلم پاکستان میں ایک بھارتی جاسوس کے کردار کو اجاگر کرتی ہے، جو لیاری گینگز کے نیٹ ورک میں گھس جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رنویر سنگھ، سنجے دت، ارجن رامپال، آر مادھون، رکیش بیدی اور نئی اداکارہ سارہ ارجن بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔

Read Comments