جرمنی اور اسرائیل کے درمیان اربوں ڈالر کے جدید میزائل نظام کا معاہدہ
جرمنی نے اسرائیل کے ساتھ تین ارب دس کروڑ ڈالرز کے میزائل سسٹم ‘ایرو تھری’ کی خریداری کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً دو سال قبل اسرائیل اور جرمنی کے درمیان طے پانے والے ابتدائی معاہدے کا تسلسل ہے، جس کی مالیت 3 ارب 50 کروڑ ڈالرز تھی۔
نئے معاہدے کے بعد ڈیل کی مجموعی مالیت تقریباً 6 ارب 50کروڑ ڈالرز ہوگئی ہے جسے اسرائیل کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی برآمدی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ایرو تھری میزائل نظام کا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
ایرو تھری انٹرسیپٹرز خلا سے باہر فضا میں سفر کرنے والے میزائلوں کے خلاف کام کرتے ہیں اور بیلسٹک میزائلوں کو خلا میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس نظام کی پہلی عملی کامیاب روک تھام 9 نومبر 2023 کو ریکارڈ کی گئی تھی، جب اس نے ایلات کی جانب داغا گیا حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کیا تھا۔
جون میں اسرائیل اور ایران کے درمیان ہونے والی 12 روزہ جنگ کے دوران بھی اسرائیل نے ایرو تھری نظام ایرانی بیلسٹک میزائلوں کے خلاف استعمال کیا تھا۔
یاد رہے جرمنی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک میں امریکہ کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے۔