خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جب کہ مؤثر کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 4 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گردوں کو مؤثر کارروائی کے ذریعے ہلاک کر دیا۔
شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کا حملہ، 4 جوان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت پوری شدت سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشز میں 9 دہشت گردوں کو ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کررہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی جرات کو ناز ہے۔