لاہور: طالبعلم کی خودکشی کے بعد نجی یونیورسٹی میں میوزک شو
لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والا طالبعلم مبینہ طور پر حاضری کم ہونے پر کلاس سے نکالے جانے کے بعد جان سے گیا۔ واقعے کی انیس سیکنڈ کی فوٹیج سامنے آنے پر اندازہ ہوا کہ نوجوان نے چھت سے چھلانگ لگائی، جبکہ واقعے کے چند منٹ بعد ہی یونیورسٹی میں میوزیکل تقریب جاری رہی۔
کمالیہ سے تعلق رکھنے والا طالبعلم تعلیم کے لیے لاہور کی نجی یونیورسٹی آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق حاضری کم ہونے پر اسے کلاس روم سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد وہ عمارت کی چھت پر چلا گیا۔
سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیج، جو تقریباً 19 سیکنڈ کی ہے، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طالبعلم چند لمحے خاموش کھڑا رہتا ہے، پھر حفاظتی جنگلہ پکڑ کر دیوار پر چڑھتا ہے اور نیچے چھلانگ لگا دیتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق زمین پر گرنے کے بعد وہ کچھ دیر تک موت و حیات کی کشمکش میں رہا، جبکہ یونیورسٹی کے طلبہ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے۔ نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق بظاہر معاملہ خودکشی کا ہے۔ کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس مزید پہلوؤں پر بھی تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب، طلبہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے چند منٹ بعد ہی یونیورسٹی میں میوزیکل تقریب شروع کر دی گئی، جس پر انتظامیہ کے رویے سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں۔ مزید تحقیقات کے بعد حتمی صورتحال سامنے آنے کا امکان ہے۔