شائع 25 دسمبر 2025 10:09am

پی ایس ایل کی مقبولیت میں اضافہ، دو نئی فرنچائزز کے لیے 12 بولیاں موصول

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی فرنچائزز کی فروخت کے لیے جاری ٹینڈر پر غیر معمولی اور حوصلہ افزا ردعمل ملنے کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ کے مطابق مقررہ مدت کے اندر مجموعی طور پر 12 مختلف فریقین نے باضابطہ طور پر اپنی بولیاں جمع کرائی ہیں، جو لیگ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ بولی دہندگان کا تعلق دنیا کے پانچ مختلف براعظموں سے ہے، جن میں امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان شامل ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ بین الاقوامی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سپر لیگ نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی مضبوط پہچان بنا چکی ہے اور اس کی تجارتی حیثیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بورڈ نے بتایا ہے کہ بولی کے اس ابتدائی مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں وہ فریقین جو تکنیکی معیار پر پورا اتریں گے، انہیں کھلی مسابقتی بولی کے عمل میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے گی، جس کے ذریعے دو نئی ٹیمیں خریدی جا سکیں گی۔

اگلا مرحلہ 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ پورا عمل بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف اور مسابقتی انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ پاکستان سپر لیگ کی توسیع اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئی فرنچائزز کے شامل ہونے سے لیگ کا دائرہ وسیع ہوگا، شائقین کو مزید معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ کی ساکھ مزید مضبوط ہو گی۔

Read Comments