امریکا کے شمالی مغربی نائجیریا میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے
امریکا نے شمالی مغربی نائجیریا میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف طاقتور فضائی کارروائی کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی محکمۂ دفاع نے متعدد انتہائی درست اور کامیاب حملے کیے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق داعش اس علاقے میں مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہی تھی اور بے رحمی سے قتل عام کیا جا رہا تھا، جس کی مثال صدیوں میں نہیں ملتی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورک کو کمزور کرنا اور معصوم شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب نائجیریا کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ منظم سیکیورٹی تعاون کے تحت مسلسل رابطے میں ہیں۔
نائجیرین حکام کے مطابق امریکی فضائی حملوں میں دہشتگرد اہداف کو انتہائی درست انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس سے داعش کے ٹھکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق دونوں ممالک خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر کام جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب نائجیریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ مسلح گروہ ملک میں مسلم اور مسیحی دونوں برادریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔