کم جونگ اُن کا آئندہ پانچ سال تک میزائل پروگرام جاری رکھنے کا اعلان
شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے ان کا ملک آئندہ پانچ سال تک میزائل پروگرام جاری رکھے گا۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر ایجنسی کے سی این اے کے مطابق کم جونگ اُن نے 2025 کی آخری سہ ماہی کے دوران ملک کے بڑے اسلحہ ساز اداروں کا دورہ کیا اور وہاں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کم جونگ اُن نے کہا کہ میزائل اور گولہ بارود کی تیاری کا شعبہ ملک کی جنگی صلاحیت اور دفاعی بازو کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کم جونگ اُن نے اسلحہ سازی کے بڑے اداروں کی جدید کاری سے متعلق مسودوں کی منظوری دے دی، جو ایک اہم پارٹی کانگریس میں پیش کیے جائیں گے۔ یہ کانگریس 2026 کے اوائل میں متوقع ہے، اور اسی میں آئندہ پانچ سالہ قومی ترقیاتی منصوبہ طے کیا جائے گا۔
یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل ریاستی میڈیا نے بتایا تھا کہ کم جونگ اُن نے اپنی بیٹی کے ہمراہ 8 ہزار 700 ٹن وزنی جوہری آبدوز کی تعمیر کا جائزہ لیا، اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات کی نگرانی بھی کی۔