شائع 26 دسمبر 2025 09:59pm

کپڑے بیچ کر قرض اتارنے کے دعوے کرنے والوں نے پی آئی اے فروخت کردی: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جعلی حکومت مسلسل ہمارے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، کپڑے بیچ کر قرض اتارنے کے دعوے کرنے والوں نے پی آئی اے فروخت کردی، اگر ان کی ترجیحات عمران خان کو جھکانے ڈرانے کی ہیں تو ملک نہیں چلے گا، لاہور آیا ہوں اتنی تہذیب چھوڑ کر جاؤں گا کہ یہ اخلاقیات سیکھ لیں۔

جمعے کو پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ تنظیمی دوستوں سے ملاقات کے لیے آیا ہوں، چکری انٹر چینج پر پولیس والوں نے بدتمیزی کی اور گرفتاریاں بھی کی گئیں، یہ ہمارے کارکنوں کے ساتھ فسطائیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جعلی حکومت مسلسل ہمارے ساتھ زیادتی کررہی ہے، بڑی بڑی انڈسٹری ملک چھوڑ کر جا رہی ہیں، جو شخص بلند و بالا دعویٰ کررہا تھا، کپڑے بیچ کر قرضہ اتاروں گا تو پی آئی اے کو فروخت کردیا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستانی خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، مستقبل تاریک ہوگیا، بند کمروں کے فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں، ان کی ترجیحات کیا ہے، انڈسٹری اکنامک گروتھ نیچے جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی ترجیحات ہیں، ان کی ترجیحات بانی کو جھکانے ڈرانے کی ہیں ہو تو ملک نہیں چلے گا، ہمارے وفد اور پارلیمنٹرین کے ساتھ بدتہذیبی اور بدتمیزی کی گئی، لاہور آیا ہوں اتنی تہذیب چھوڑ کر جاؤں گا کہ یہ اخلاقیات سیکھ لیں۔

سہیل آفریدی کا دورہ لاہور: عظمیٰ بخاری کا رد عمل

ادھر سہیل آفریدی کے دورہ لاہور پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختوخوا سہیل آفریدی کے لاہور آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، سہیل آفریدی پاکستان کا یورپ دیکھنے آئے ہیں، پچھلی بار علی امین گنڈا پور کو آمد پر لاہور کی بتیاں دکھائی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختوخوا بتیاں دیکھیں، روٹی کھائیں تصوریں کھینچیں، جو کچھ پنجاب میں دیکھیں اسے خیبرپختونخوا میں جا کر لاگو کریں، سہیل آفریدی فتنہ خان سے زیادہ بڑے لیڈر نہیں جب بھی فتنہ خان کی جانب سے باہر نکلنے کی کال آئی تو کتنے لوگ باہر نکلے، ہم مہمانوں کی اچھی خاطر تواضع کریں گے لیکن مہمان بھی مہمان بنیں۔

وفاقی وزیرامیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کچھ شرم کریں، کچھ حیا کریں گھر واپس لوٹیں۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 3 روزہ دورے پر لاہور پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، جس پر انہوں نے کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔

لاہور پہنچنے کے بعد وہ ٹھوکر نیاز بیگ سے وہ سیدھے پنجاب اسمبلی کے لیے روانہ ہوئے، جہاں پی ٹی آئی کارکنوں کو اسمبلی میں جانے نہیں دیا گیا جب کہ وزیراعلیٰ کے گارڈز کو بھی باہرروک دیا گیا۔

پنجاب کے 3 روزہ دورے کے لیے سہیل آفریدی کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کردی گئی۔ ایس پی سیکیورٹی نے بتایا کہ بلیو بک کے مطابق سیکیورٹی دی جارہی ہے، وزیر اعلیٰ جہاں بھی جا رہے ہیں، وہاں نفری تعینات ہے۔ سہیل آفریدی کی سیکیورٹی کو مکمل طور پر فول پروف بنایا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔

آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور اسپیشل برانچ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی سیکیورٹی کے احکامات جاری کیے گئے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن 24 دسمبر کو جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 26 سے 28 دسمبر تک لاہور کے دورے پر ہیں، وہ پنجاب اسمبلی میں ایم پی ایز سے ملاقات کریں گے، سہیل آفریدی کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی اسیران سے ملاقات کے لیے جائیں گے جب کہ وہ صحافیوں اور طلبا کے وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے کی کوآرڈینیشن کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ پنجاب پولیس کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے قیام، سفر اور نقل و حرکت کی مکمل ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ، دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سخت انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

Read Comments