وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ لاہور: پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت مل گئی

پنجاب حکومت نے سہیل آفریدی کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا
اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2025 08:26pm

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی 3 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں انہیں پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے اور ان کے دورے کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

جمعے کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی موٹروے ایم ٹو کے ذریعے لاہور پہنچے، لاہور پہنچنے کے بعد وہ ٹھوکر نیاز بیگ سے پنجاب اسمبلی روانہ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کے وفد کے پنجاب اسمبلی میں داخلے کی منظوری دے دی ہے۔

سہیل آفریدی کے ہمراہ صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی بھی پنجاب اسمبلی پہنچیں گے جب کہ وفد کی مکمل فہرست اسمبلی سیکیورٹی کو فراہم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اور اپوزیشن اراکین سے ملاقات کریں گے اور خطاب بھی کریں گے جب کہ ملاقاتوں اور خطاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اسمبلی سے روانہ ہوں گے۔

ادھر پنجاب پولیس نے سہیل آفریدی کے 3 روزہ دورہ لاہور کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کرلیے ہیں۔ ایس پی سیکیورٹی کے مطابق وزیراعلیٰ کو بلیو بک کے مطابق سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور وہ جہاں بھی جا رہے ہیں وہاں نفری تعینات ہے۔ سہیل آفریدی کی سیکیورٹی کو مکمل طور پر فول پروف بنایا گیا ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی آمد کے حوالے سے لاہور پولیس نے لبرٹی پارک کو خالی کروانا شروع کردیا۔ کرسمس ٹری دیکھنے آنے والے مسیحی خاندانوں کو پارک سے نکال دیا گیا، جس کے بعد کرسچن کمیونٹی کے افراد مایوس ہوکر واپس جانا شروع ہو گئے جب کہ پی ایچ اے کی جانب سے لبرٹی چوک کی بتیاں بھی بند کر دی گئیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورے کے باعث لاہور کے اہم علاقے لبرٹی چوک پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے لبرٹی چوک پر مارکیٹ بند کروا دی جب کہ واٹر کینن اور قیدی وین بھی موقع پر پہنچا دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق لبرٹی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور شہریوں کی آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے۔ لبرٹی چوک سے اوریگا سینٹر تک یوٹرن کو بیریئرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جب کہ لبرٹی چوک کو عام شہریوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات کے تحت لبرٹی چوک پر نصب برقی قمقمے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ اقدامات وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔

آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور اسپیشل برانچ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی سیکیورٹی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن 24 دسمبر کو جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 26 سے 28 دسمبر تک لاہور کے دورے پر ہیں، وہ پنجاب اسمبلی میں ایم پی ایز سے ملاقات کریں گے، سہیل آفریدی کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی اسیران سے ملاقات کے لیے جائیں گے جب کہ وہ صحافیوں اور طلباء کے وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے کی کوآرڈینیشن کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ پنجاب پولیس کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے قیام، سفر اور نقل و حرکت کی مکمل ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ، دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سخت انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختوخوا سہیل آفریدی کے لاہور آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، پچھلی بار علی امین گنڈا پور لاہور آئے تھے تو لاہور کی بتیاں دکھائی تھیں، وزیراعلیٰ خیبرپختوخوا بتیاں دیکھیں، روٹی کھائیں تصوریں کھینچیں، جو کچھ پنجاب میں دیکھیں اسے خیبرپختونخوا میں جا کر لاگو کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی فتنہ خان سے زیادہ بڑے لیڈر نہیں جب بھی فتنہ خان کی جانب سے باہر نکلنے کی کال آئی تو کتنے لوگ باہر نکلے، ہم مہمانوں کی اچھی خاطر تواضع کریں گے لیکن مہمان بھی مہمان بنیں۔

خیبر پختونخوا

cm kpk

punjab assembly

lahore visit

Suhail Afridi

CM Suhail Khan Afridi

Sohail Afridi