مسجدالحرام میں خودکشی کی کوشش ناکام بنانے والا رضاکار زخمی
مسجد الحرام میں گزشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تھی، تاہم اسی دوران مسجد کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکار خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کی جان بچانے میں زخمی ہوگیا۔
سعودی حکام کے مطابق واقعے کے بعد مذکورہ شخص اور زخمی سیکیورٹی اہلکار دونوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق ضروری قانونی کارروائی بھی مکمل کی گئی۔
حرمین شریفین کی اسپیشل فورسز کے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسجد الحرام کی بالائی منزل سے ایک شخص نے خودکشی کوشش کا واقعہ پیش آیا۔ بیان کے مطابق گرنے کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار نے اسے زمین سے ٹکرانے سے روکنے کی کوشش کی، جس دوران وہ زخمی ہو گیا۔
دونوں افراد کو فوری طور پر ضروری طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا اور مطلوبہ سرکاری کارروائی مکمل کی گئی۔
واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے مسجد الحرام کے امامِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے زائرین اور نمازیوں پر زور دیا کہ وہ قواعد و ضوابط اور ہدایات کی پابندی کریں، اس مقدس مقام کے تقدس کا احترام کریں، مناسب اسلامی آداب کو ملحوظِ خاطر رکھیں اور عبادت و اطاعت میں مشغول رہیں۔
رضاکار کون تھا؟
بعد ازاں مسجد الحرام واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کی شناخت سامنے آئی۔
انسائیڈ دی حرمین نے ایک تصویر شیئر کی جس میں حرم سیکیورٹی اہلکار ریان بن سعید العسيري کو اسپتال کے بستر پر موجود دکھایا گیا۔
اسپتال میں قیام کے دوران ریان بن سعید العسيري کو سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز کی جانب سے فون کال موصول ہوئی، جس میں وزیر داخلہ نے ان کی جرات، فرض شناسی اور اعلیٰ سطح کی مستعدی کو سراہا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ ریان العسيري کا اقدام محض پیشہ ورانہ ذمہ داری کی ادائیگی نہیں بلکہ ایک انسانی اور قابلِ فخر موقف تھا، جو قربانی اور ایثار کے اعلیٰ ترین معانی کی عکاسی کرتا ہے۔