اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2025 08:04pm

سابق وزیرِ خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر انتقال کر گئیں

سابق وفاقی وزیرِ خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سابق وفاقی وزیرِ خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر ہفتے کے روز حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والی ممتاز ماہرِ معاشیات تھیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے ملک کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی ایک قابل، دیانت دار شخصیت تھیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاشی میدان میں پاکستان کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے اکنامکس میں گریجویشن اور قائداعظم یونیورسٹی سے ایم ایس سی کی۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف سسیکس سے ڈویلپمنٹ اکنامکس جبکہ برطانیہ سے پی ایچ ڈی مکمل کی، وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں وزیٹنگ فیلو بھی رہیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان میں اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ حکومتِ پاکستان نے ان کی شاندار عوامی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشانِ امتیاز سے بھی نوازا۔

وہ اس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی چیئرپرسن کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اپریل 2024 میں انہیں دوسری بار تین سال کی مدت کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر شمشاد اختر 2006 سے 2009 تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی 14ویں گورنر رہیں اور اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔ 2007 میں یورومنی کی جانب سے انہیں ایشیا کی بہترین سینٹرل بینک گورنر کا اعزاز ملا۔

انہوں نے 2018 اور 2023 کے نگران دورِ حکومت میں وفاقی وزیر برائے خزانہ اور اقتصادی امور کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ 2008 میں وال اسٹریٹ جرنل نے انہیں ایشیا کی دس بہترین پیشہ ور خواتین میں شامل کیا۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس کی چیئرپرسن اور پاکستان انوائرمنٹ ٹرسٹ فنڈ کی مشیر کے طور پر بھی فعال کردار ادا کر رہی تھیں۔

Read Comments