اپ ڈیٹ 28 دسمبر 2025 12:41am

ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے پر عادل راجا کا نام فورتھ شیڈول میں شامل

وفاقی حکومت نے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے پر یوٹیوبر عادل فاروق راجا کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کر لیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم یوٹیوبر عادل فاروق راجہ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت پابندی عائد کرتے ہوئے ان کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرلیا ہے۔

وفاقی وزارتِ داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد عادل راجا پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عادل راجا پر یہ پابندی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے پر لگائی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عادل فاروق راجا کے خلاف انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی۔ عادل راجا ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو ریاستِ پاکستان کی سلامتی، سالمیت اور امنِ عامہ کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدام ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ آئندہ کی کارروائی بھی متعلقہ قوانین کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

Read Comments