شائع 01 جنوری 2026 10:22am

کراچی میں پولیس مقابلہ، 12 سالہ بچے کا قاتل ڈکیت ہلاک

کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم اسی بارہ سالہ بچے کے قتل میں ملوث تھا جو ڈکیتی کی مزاحمت پر مارا گیا تھا جبکہ بچے کی والدہ زخمی ہوئی تھیں۔

پولیس کے مطابق ماڈل کالونی میں گشت کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ ہلاک ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزم چند روز قبل ڈکیتی کے دوران بچے کو قتل اور اس کی والدہ کو زخمی کرنے کے واقعے میں مطلوب تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں تقریباً 24 مقدمات درج تھے جن میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے تیس بور پسٹول، گولیاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی جو مبینہ طور پر سچل کے علاقے سے چوری کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پہلے ہی موصول ہو چکی تھی جس کی بنیاد پر ملزم کی شناخت میں مدد ملی۔

پولیس نے بتایا کہ فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ ہلاک ملزم کے مجرمانہ ریکارڈ اور نیٹ ورک سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک رپورٹس اور گولیوں کے خول کی جانچ کے بعد کیس کے مختلف پہلو مزید واضح ہوں گے۔

Read Comments