شائع 14 جنوری 2026 03:04pm

پاکستانی سفیروں کے بڑے پیمانے پر تبادلے، اہم ممالک میں نئی تقرریوں کا امکان

حکومت نے اعلیٰ سطح پر پاکستانی سفیروں کے تقرر اور تبادلوں کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی اہم ممالک میں نئے سفرا اور ہائی کمشنرز تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عمران احمد صدیقی کو پاکستان کا نیا سفیر مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح عبیدالرحمان نظامانی کو جرمنی میں سفیر تعینات کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جبکہ سلمان شریف کو اٹلی میں پاکستان کا سفیر لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان ٹیپو کو برطانیہ میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر مقرر کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، جبکہ حسنین یوسف کو کیوبا میں سفیر تعینات کیا جا سکتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد ان تقرریوں اور تبادلوں پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزارت خارجہ میں بھی اہم انتظامی تقرریاں کی گئی ہیں۔ عائشہ علی کو ایڈیشنل فارن سیکرٹری یورپ مقرر کرنے کی تجویز ہے، جبکہ سجاد حیدر نے ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلال چوہدری کو ڈائریکٹر جنرل چین مقرر کر دیا گیا ہے۔

Read Comments