شائع 15 جنوری 2026 09:23am

چارسدہ میں گھر کے اندر گیس سلنڈر دھماکا، دو بچے جاں بحق

چارسدہ کے علاقے طارق آباد میں گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب گھر میں نصب گیس سلنڈر اچانک پھٹ گیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ گھر کے اندر موجود دو بچے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ان کے والد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق بچوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس سلنڈرز اور دیگر گھریلو گیس آلات کے استعمال میں احتیاط کریں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔

Read Comments