ٹی 20 ورلڈ کپ: بی بی ایل کے کامیاب ترین بولر کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت مشکوک
بگ بیش لیگ کے رواں سیزن کے پاکستان کے کامیاب ترین فاسٹ بولر حارث رؤف کی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شمولیت مشکوک ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت اور سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو پاکستان کے ممکنہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ایشیا کپ فائنل کے بعد سے حارث رؤف کے اسکواڈ میں شمولیت کے حق میں نہیں، ایشیا کپ کے بعد سے حارث رؤف نے پاکستان کی جانب سے ٹی 20 میچ بھی نہیں کھیلا اور وہ ٹیم سے باہر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں حارث رؤف کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سامنے آیا، جہاں انہوں نے بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 50 رنز دے دیے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حارث رؤف ان دنوں آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیل رہے ہیں، جہاں وہ حال ہی میں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے 10 میچز میں 17.11 کی اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے باوجود انہیں پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجی گئی ابتدائی 15 رکنی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نوجوان اور باقاعدہ کھیلنے والے بولرز کو ترجیح دے رہی ہے، جس کی بنیاد پر حتمی اسکواڈ کی تشکیل کی جا رہی ہے۔ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد پاکستان کے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 31 جنوری ہے۔