شائع 20 جنوری 2026 11:18pm

پاکستانی فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے بدستور بند رکھنے کا فیصلہ

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹم جاری کر دیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بھارتی طیاروں پر عائد پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے، بھارتی طیاروں پر یہ پابندی اب 24 فروری صبح 5 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔

پی اے اے کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق بھارتی ایئرلائنز کی ملکیت، زیرِ آپریشن یا لیز پر لیے گئے تمام طیاروں پرہوگا، جن میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق فیصلہ سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس حوالے سے نوٹم بھی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد بھارتی رجسٹرڈ طیارے مقررہ مدت تک پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ مئی 2025 میں پاکستان نے بھارتی طیاروں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کے باوجود پابندی میں 8 مرتبہ توسیع ہو چکی ہے۔

نوٹ: اس خبر میں پہلے متنازع نقشہ سہواً شائع ہوا تھا، جس پر ادارہ معذرت خواہ ہے، غلطی کی نشاندہی کے بعد اسے درست کرلیا گیا ہے۔

Read Comments