سونے کی عالمی قیمت میں تاریخی اضافہ، فی تولہ کہاں تک جانے کا امکان ہے؟
عالمی مارکیٹ میں بدھ کے روز سونے کی قیمت 5 ہزار 200 ڈالر فی اونس سے بھی اوپر جا پہنچی ہے، جو ایک تاریخی ریکارڈ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونا خرید رہے ہیں، جس کی وجہ سے اس قیمتی دھات کی مانگ بڑھ رہی ہے۔
سونے کی قیمت کو آسان انداز میں سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ ایک اونس سونے میں تقریباً 31.1035 گرام ہوتے ہیں۔
اگر ایک اونس سونا 5 ہزار 200 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے تو ایک گرام سونے کی قیمت تقریباً 167 ڈالر بنتی ہے۔
اسی طرح، سونے کی مقامی پیمائش کے مطابق ایک تولہ میں تقریباً 11.664 گرام ہوتے ہیں۔
اس حساب سے ایک تولہ سونے کی قیمت تقریباً 1950 ڈالر بنتی ہے۔
اس تمام حساب کے بعد امکان ہے پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت بدھ کے روز 5 لاکھ 40 ہزار روپے سے اوپر جاسکتی ہے۔
یہ قیمت عالمی مارکیٹ کے حساب سے ہے، تاہم مقامی مارکیٹ میں ٹیکس، درآمدی چارجز اور دیگر اخراجات کی وجہ سے قیمت میں فرق آ سکتا ہے۔