ماں بیٹی کی مین ہول میں گر کر ہلاکت: وزیر اطلاعات کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر
لاہور میں بھاٹی گیٹ کے قریب ماں اور بیٹی کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اطلاعات پنجاب سمیت متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست میں پنجاب حکومت، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ انتہائی گنجان آباد علاقے میں مین ہول کو کھلا چھوڑنا سنگین غفلت کے مترادف ہے، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
درخواست میں وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وقوعہ کی مکمل چھان بین کی جائے اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس غفلت کی وجہ سے پیش آنے والے حادثے کا مناسب تدارک کیا جائے اور مستقبل میں ایسے خطرات کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔