اپ ڈیٹ 01 فروری 2026 09:09pm

روس میں نایاب منظر، لوگ آسمان پر چار چاند دیکھ کر حیران

روس میں آسمان پر ایک نایاب اور دلکش فلکیاتی مظہر دیکھنے میں آیا ہے، جہاں آسمان پر چاند کے چار عکس ایک ساتھ نظر آئے۔ اس حیران کُن منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں اتوار کی رات آسمان میں ایک غیر معمولی اور دلکش منظر دیکھا گیا ہے، جب آسمان پر چاند کے ساتھ تین مزید روشن دھبے نمودار ہوئے اور یوں محسوس ہوا جیسے آسمان پر چار چاند موجود ہوں۔

اس منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں، جن میں اصل چاند کے گرد کئی روشن گول دائروں کو دیکھا جا سکتا ہے، جس نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا ہے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں نظر آنے والا یہ حیران کن منظر ’پیراسیلین‘ کہلاتا ہے، جسے عام زبان میں ’فرضی چاند‘ یا ’مون ڈاگ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

روس کے سرکاری خبر رساں ادارے آر ٹی نے بھی اس منظر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ نایاب منظر اس وقت دیکھنے میں آتا ہے جب سرد موسم میں چاند کی روشنی فضا کے اندر موجود برف کے ننھے ذرات سے گزرتی ہے۔ یہ ذرات روشنی کو مخصوص زاویے پر موڑ دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں چاند کے اطراف اضافی روشن دھبے نظر آنے لگتے ہیں اور یوں لگتا ہے جیسا آسمان پر کئی چاند موجود ہیں۔

پیراسیلین عموماً چاند سے تقریباً 22 ڈگری یا اس سے زیادہ فاصلے پر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ اصل چاند کے مقابلے میں کہیں زیادہ مدھم ہوتے ہیں اور اس وقت زیادہ واضح نظر آتے ہیں جب چاند افق کے قریب ہو، کیونکہ اس صورت میں چمک کم ہو جاتی ہے اور اس وقت انہیں با آسانی دیکھا جا سکتا ہے۔

فلکیاتی ادارے اسکائی بریری کے مطابق یہ روشن دھبے ہمیشہ اُفق کے اوپر چاند کی ہی سطح پر نمودار ہوتے ہیں۔ ان کی عمودی شکل اور جسامت کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ بادلوں میں موجود برفانی ذرات کس زاویے پر موجود ہیں اور کس حد تک حرکت کر رہے ہیں۔ بڑے برفانی ذرات عموماً زیادہ لمبے اور نمایاں روشنی کے ستون بناتے ہیں، جس سے یہ منظر مزید ڈرامائی صورت اختیار کرلیتا ہے۔

اگرچہ پیراسیلین کا تعلق دن کے وقت نظر آنے والے سن ڈاگز سے ہوتا ہے، تاہم ایک ہی وقت میں کئی فرضی چاند دکھائی دینا نہایت کم ہوتا ہے۔ سینٹ پیٹرزبرگ کا یہ منظر اسی وجہ سے منفرد رہا کہ بیک وقت متعدد پیرسیلین نظر آئے اور آسمان پر چار چاند ہونے کا تاثر پیدا ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منظر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ موسمی اور فضائی حالات کس طرح ایک عام رات کو غیر معمولی اور یادگار بنا سکتے ہیں۔ جن خوش نصیب افراد نے یہ منظر دیکھا، ان کے لیے یہ شام یقیناً حیرت اور خاموش مسرت کا باعث بن چکی ہے۔

Read Comments