شائع 03 فروری 2026 09:41pm

پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس فروخت، مالیت میں 149 فیصد اضافہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت کے معاملے میں ایک اور تاریخی ریکارڈ قائم ہو گیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی مالیت میں 149 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا اسپورٹس برانڈ بن گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اپنے 11ویں سیزن کے بین الاقوامی میڈیا حقوق کی کامیاب فروخت کا اعلان کیا ہے جو لیگ کی عالمی توسیع میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 11 کے لیے ایک سالہ عالمی میڈیا حقوق (بھارت کے علاقے کے علاوہ) ولی ٹینکالوجی کو دیے گئے جو پی سی بی کے ریزرو پرائس سے سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی تھی۔

پچھلے سیزن کے مقابلے میں اس سودے کی قیمت میں 149 فیصد اضافہ ہوا ہے جو پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے برانڈ ویلیو اور عالمی رسائی کی عکاسی کرتا ہے اور لیگ کو دنیا کے نمایاں ٹی 20 ٹورنامنٹس میں شمار کرتا ہے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی میڈیا حقوق کی فروخت کے نتیجے پر بہت خوش ہیں جس میں گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 149 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ پی ایس ایل کے برانڈ، اس کے مقابلتی معیار اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے بڑھتے ہوئے رجحان کی مضبوط تصدیق ہے۔

سلمان نصیر کہتے ہیں کہ یہ معاہدہ لیگ کی طویل المدتی تجارتی ترقی پر ہمارا اعتماد مضبوط کرتا ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے ولی ٹیکنالوجیز کا شکریہ ادا کیا جس نے نئے دور میں بولی لگا کر ریکارڈ توڑ دیا۔

ولی ٹیکنالوجیز کے سی ای او محمد احسن طاہر کا کہنا ہے کہ یہ ہر پاکستانی کے لیے فتح ہے جو ’میڈ ان پاکستان‘ ٹیکنالوجی پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری پی ایس ایل کے سفر کی شروعات ہے اور بہت سے منصوبے ہیں جن کا شائقین بے صبری سے انتظار کریں گے۔

2016  میں آغاز کے بعد سے پی ایس ایل نے میڈیا حقوق، اسپانسرشپس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں مسلسل تجارتی ترقی دکھائی ہے جس سے یہ پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے برانڈز میں شامل اور عالمی ٹی 20 منظرنامے کا ایک اہم حصہ بن گئی ہے۔

پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ عالمی براڈکاسٹ کو مزید بہتر بنانے اور لیگ کی رسائی بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ دنیا بھر کے شائقین پی ایس ایل سے بے مثال انداز میں لطف اندوز ہوتے رہیں۔

Read Comments