شائع 05 فروری 2026 06:11pm

سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ

سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، آج شہر کے مختلف علاقوں فیڈرل بی ایریا، شیر شاہ، کورنگی اور ملیر میں آگ لگی، جس پر قابو پالیا گیا جب کہ آتشزدگی کے واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جمعرات کو کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے الگ الگ واقعات پیش آئے، سب سے پہلے فیڈرل بی ایریا میں عثمان میموریل اسپتال کے قریب واقع ایک جم میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جہاں بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا گیا۔

اس کے بعد شیرشاہ کے علاقے اکبر روڈ، نعمان کانٹا کے قریب واقع پلاسٹک کے گودام میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جہاں تین فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔

اسی طرح ملیر کے علاقے خرم آباد، فاروق ولاز کے قریب واقع جانوروں کے کیٹل فارم میں بھی آتشزدگی کی اطلاع ملی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اس کے علاوہ کورنگی نمبر پانچ میں ایک نجی بینک کی عمارت کی چھت پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جب کہ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر بالٹیوں میں پانی بھر کر آگ پر قابو پالیا۔

Read Comments