اپ ڈیٹ 08 فروری 2026 11:23am

کراچی میں پولیس مقابلے اور ٹریفک حادثات، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں اور ٹریفک حادثات کے کئی واقعات پیش آئے جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ریسکیو اداروں کے مطابق شہر کے مختلف حصوں میں امن و امان اور ٹریفک کی صورتحال کے باعث یہ واقعات سامنے آئے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جہاں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی جبکہ اس کا ساتھی بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کیا گیا ہے۔

اسی طرح ناظم آباد نمبر چار کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ پیش آیا جہاں ایک زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق وہاں سے بھی اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں رات گئے اور صبح کے اوقات میں مختلف ٹریفک حادثات بھی پیش آئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار رکشہ الٹ گیا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

اورنگی ٹاؤن بہار کالونی میں ایک اور ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت تیس سالہ ثاقب کے نام سے ہوئی ہے۔

اہل خانہ نے بتایا کہ ثاقب مکینک تھا اور اسپیئر پارٹس کا کام کرتا تھا، جبکہ وہ دو بچوں کا باپ اور اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

کلفٹن بلاول چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پھسلنے سے ایک اور حادثہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے تاہم تاحال متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔

اسی طرح ناگن چورنگی کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے اور اس کی شناخت بھی تاحال نہیں ہو سکی۔

صبح کے وقت سائٹ ایریا خیبر گیٹ کے قریب ایک بس الٹ گئی، تاہم ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Read Comments