شائع 08 فروری 2026 12:31pm

دنیا کا سب سے مہنگا چاول، ذائقہ کیسا ہے؟

دنیا کے سب سے مہنگے چاول اب شائقین کے لیے دستیاب ہیں، لیکن ان کا ذائقہ واقعی ویسا ہی ہے جیسا قیمت سے ظاہر ہوتا ہے؟

سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق جاپان کی ’ٹویو رائس کارپوریشن‘ کے تیار کردہ ’کِنمے‌مائی پریمیم‘ چاول کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے مہنگا چاول قرار دیا ہے۔ جس کے ہر باکس کی قیمت تقریباً 73 ڈالر ہے اور سالانہ صرف ایک ہزار باکس تیار کیے جاتے ہیں۔

کمپنی کے 91 سالہ صدر کیجی سائیکا کے مطابق، ان چاولوں میں صرف اعلیٰ معیار اور ایوارڈ یافتہ قسم کے دانے شامل کیے جاتے ہیں، جنہیں ذائقے اور ساخت کے لحاظ سے پرکھا جاتا ہے۔

ٹویو رائس کارپوریشن کی منفرد ’چاول پالش کرنے‘ کی ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے بغیر دھوئے غذائیت بخش اور مزیدار بنایا جاتا ہے۔

اس میں عام چاول کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ لائپوپولی سیکیڈز (ایل پی ایس) موجود ہوتے ہیں، جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں، چاول کی انزائم سطح بھی پرکھی جاتی ہے تاکہ ان کی حیات اور لائف فورس کی تصدیق ہو سکے۔ شیفس کا کہنا ہے کہ یہ دانے ہیرے کی طرح چمکدار ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چاول نہ صرف نایاب ہیں بلکہ ان کا ذائقہ اور ساخت انتہائی نفیس ہے۔

Read Comments