ٹی 20 ورلڈکپ: بابراعظم کو آئندہ کھلانا چاہیے یا نہیں؟
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن پر ایک بار پھر سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
قومی آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے نیدرلینڈز کو بمشکل شکست دی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے و تجزیے دیکھنے کو ملے تھے۔
حال ہی میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں ان کے ہمراہ سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وقار یونس بھی موجود تھے جو ان دنوں سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بطور کمنٹیٹر فرائض انجام دینے کے لیے موجود ہیں۔
ویڈیو میں وقار یونس نے اس بات کی نشاندہی کی کہ افتتاحی میچ میں پاکستان سے کہاں غلطی ہوئی تھی۔
ویڈیو میں وسیم اکرم نے وقار یونس سے سوال کیا کہ پاکستانی ٹیم ہدف حاصل کرنے کے دوران کہاں پھنس گئی تھی جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مڈل آرڈر کا وہی مسئلہ ہے، ہم نے ٹارگٹ کو چھوٹا سمجھ لیا تھا جو میچ پھنسنے کی اصل وجہ بنا۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم آسٹریلیا کے خلاف کھیلے اسی طرح اگر کھیلتے تو چیزیں اچھی طرح سے چلتیں۔
وسیم اکرم نے دوسرا سوال کیا کہ سست بیٹنگ کرنے پر بابر اعظم پر بہت تنقید کی جا رہی ہے تو کیا ان کا چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنا بنتا ہے، جس پر وقار یونس کا کہنا تھا کہ بابر اعظم سے متعلق کافی تنقید کی جارہی تھی کہ انہیں لے کر نہ جایا جائے اور اب انہیں ڈراپ کرنا نہیں چاہتے، تو آپ انہیں تیسرے یا چوتھے نمبر پر کھلائیں بات ایک ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سلو پچز ہیں تو بابر کی ضرورت پڑے گی۔
خیال رہے پاکستان اب اپنا اگلا میچ کل 10 فروری کو امریکا کے خلاف کھیلے گا۔