پی ایس ایل 2026 کی نیلامی: عماد وسیم، کولن منرو سمیت کئی بڑے نام نہ بِک سکے
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی پہلی پلیئرز آکشن تقریب لاہور میں جاری ہے، فرنچائزز کھلاڑیوں کی بولیاں لگا کر لیگ کے 11ویں ایڈیشن سے قبل اپنا اسکواڈ مکمل کر رہی ہیں۔ لیکن اس بار کئی بڑے نام نیلامی میں کوئی بولی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
پی ایس ایل آکشن کے پہلے راؤنڈ میں فہیم اشرف ساڑھے آٹھ کروڑ میں نیلام ہوکر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے۔
کراچی کنگز نے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو سات کروڑ 90 لاکھ روپے اور اعظم خان کو 3 کروڑ 25 لاکھ میں خریدا۔
رائیلی روسو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں کوئٹہ کا حصہ بنے۔ محمد علی کو 2 کروڑ 15 لاکھ میں حیدرآباد نے خریدا۔ حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ میں لاہور نے خریدا۔ نسیم شاہ 8 کروڑ 65 لاکھ میں راولپنڈی کا حصہ بن گئے۔
سیالکوٹ نے صاحبزادہ فرحان کو 5 کروڑ 70 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔
عماد وسیم کے لیے بیس پرائس چار کروڑ بیس لاکھ رکھی گئی تھی۔ لیکن انہیں کسی نے نہ خریدا۔ اسی طرح حسین طلعت کی قیمت ایک کروڑ دس لاکھ روپے رکھی گئی، لیکن وہ بھی بولی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی بیس پرائس کیٹگری میں محمد جنید، مہدی حسن میراز، آصف آفریدی، دانش عزیز، محمد ذیشان، کائل میئر، کولن منرو، محمد ریاض اللہ، عمیر بن آصف، کامران غلام اور جارج منزی بھی بولیاں حاصل نہ کرسکے۔
واضح رہے کہ ایکسپو سینٹر لاہور میں ہونے والی تقریب میں ٹیمیں آکشن کے ذریعے کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 21 کھلاڑیوں کا اسکواڈ بناسکیں گی۔
16 رکنی اسکواڈ میں 5 غیر ملکی ہونا لازم ہے جب کہ 21 رکنی اسکواڈ میں 7 غیرملکی پلیئرز ہوسکتے ہیں، اسکواڈ میں کم از کم دو انڈر 23 پلیئرز کی شمولیت لازمی ہے۔
پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن میں 880 کھلاڑی رجسڑڈ ہیں۔
ٹیموں کو اپنے اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ حاصل ہوگا، ری ٹین اور ڈائریکٹ سائننگ کے معاوضے بھی بجٹ میں شامل ہوں گے۔