اپ ڈیٹ 16 فروری 2026 02:32pm

اختیار ہوتا تو شاہین، بابر اور شاداب کو ٹیم سے باہر کر دیتا: شاہد آفریدی کارکردگی پر برہم

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر اختیار اُن کے ہاتھ میں ہوتا تو وہ شاہین آفریدی، بابر اعظم اور شاداب خان کو ٹیم سے باہر کردیتے۔

سابق آل راؤنڈر اور کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کی بدترین کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے بھی کہا کہ ایسے سینئر کھلاڑی ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا رہے ہیں۔

نمبیبیا کے خلاف پاکستان کی حکمتِ عملی کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہو تو میں نمبیبیا کے خلاف میچ میں نئے لڑکوں کو موقع دوں، انہیں کھلاؤں اور اعتماد دوں۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ یہ سینیئر کھلاڑیوں کو بہت چانسز مل چکے ہیں اگر کارکردگی نہیں دکھا رہے تو نوجوان لڑکوں کو موقع دیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے بھی قومی کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ شاہین، بابر اور شاداب کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ٹیم میں نئے چہروں کو موقع دینا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف کمزور ٹیموں کے خلاف کامیابیاں کافی نہیں، بھارتی ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی لازمی ہے۔

سابق چیف سلیکٹر رمیز راجا نے بھی بیٹرز کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اور بھارت کے خلاف پاکستان نے بے تکی کرکٹ کھیلی۔

دیگر سابق کھلاڑیوں نے بھی ٹیم میں فوری تبدیلیوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی ٹیم کو مضبوط اور مقابلے کے قابل بنایا جا سکے۔

یہ شکست تین سال میں بھارت کے خلاف مسلسل آٹھویں بار ہوئی ہے، جس نے قومی ٹیم کے بحران اور سینئر کھلاڑیوں کی ناکامی کو مزید واضح کر دیا ہے۔

بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی شائقینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ ٹیم میں بابر اور شاہین کی جگہ نہیں بنتی، چیئرمین پی سی بی ایکشن لیں۔ ساتھ ہی کپتان سلمان آغا کو بھی ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میگا ایونٹ کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو نمیبیا کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

Read Comments