راولپنڈی: عمران خان کی بہن اڈیالہ جیل کے قریب زیرِ تعمیر نالے میں گر کر زخمی
تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی اڈیالہ جیل کے باہر زیرِ تعمیر نالے میں گر کر زخمی ہوگئی ہیں۔ داہگل ناکے پر زیرِ تعمیر سیوریج لائن عبور کرتے ہوئے نالے میں گرگئیں۔
منگل کے روز عمران خان سے ملاقات کے دن نورین نیازی اپنی بہنوں اور پارٹی کارکنان کے ساتھ اڈیالہ جیل پہنچی تھیں، جہاں پولیس نے انہیں داہگل ناکے پر روک دیا۔
نورین نیازی نے داہگل ناکے کے قریب زیرِ تعمیر نالے کو پھلانگ کر دوسری جانب جانے کی کوشش کی۔ اسی دوران نورین نیازی کا پاؤں پھسلا اور وہ نالے میں جا گریں جس سے انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
نورین نیازی کے ہمراہ ایک اور خاتون بھی زیرِ تعمیر نالے میں گریں، جس کے بعد موقع پر موجود افراد نے انہیں بحفاظت باہر نکالا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اڈیالہ جیل جانے کے لیے داہگل ناکے پر موجود ہیں۔ پولیس نے آج بھی تینوں بہنوں کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت نہیں دی اور داہگل ناکے پر روک دیا گیا۔
ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کارکنان نے داہگل ناکے پر دھرنا دے دیا۔
اس موقع پر پولیس نے علیمہ خان سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل بھی کروائی۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے وارنٹ جاری کئے تھے۔