اپ ڈیٹ 25 فروری 2026 10:26pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد سری لنکا ٹورنامنٹ سے باہر، پاکستان کے چانسز بھی کم رہ گئے

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، اس جیت کے ساتھ ہی کیویز کی میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے پہنچنے کی امیدیں روشن ہیں اور شکست کے بعد سری لنکن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے جب کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان مزید کم ہوگیا ہے۔

بدھ کو کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ٹو کے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے تاہم 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز ہی بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

نیوزی لینڈ نے دھواں دار انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم مڈل میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو قابو کیا اور اسے 86 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کردیا۔

نیوزی لینڈ کے رچن رویندا 32، فِن ایلن نے 23 ، گلین فلپس 18، ٹِم سائفرٹ 8، ڈیرل مچل 3 اور مارک چیپمن صفر کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ساتویں وکٹ پر کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے 48 گیندوں پر 84 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 7 وکٹوں پر 168 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ کیویز کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر 47 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کول مکونکی نے ناٹ آؤٹ 31 رنز کی باری کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا اور دشمانتھا چمیرا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ دونِتھ ویلالگے نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور سری لنکا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی بیٹنگ

نیوزی لینڈ کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ٹرننگ وکٹ پر پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز کی ایک نہ چل سکی۔

اس کے ابتدائی 4 بلے باز نوویں اوور میں 29 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے، پہلے ہی اوور میں پاتھم نسانکا صفر پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد کوشل مینڈس اور چریتھ اسالانکا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، کوشل مینڈس 11، چریتھ اسالانکا 5 اور پون رتنانائیکے 10 رنز بنا آؤٹ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ پر داسن شناکا اور کمنڈو مینڈس نے 16 رنز بنائے تاہم 46 کے مجموعے پر شناکا بھی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ چھٹی وکٹ پر سری لنکا نے 13 رنز بنائے تاہم 59 کے مجموعے پر ہیمانتھا بھی کیچ دے بیٹھے۔

درمیانی اوورز میں کمیندو مینڈس اور دنتھ ویلالاگے نے کچھ مزاحمت کی تاہم مطلوبہ رن ریٹ بڑھتا چلا گیا، تاہم سری لنکا کو ساتواں نقصان 77 رنز پر اٹھانا پڑا، جب سری لنکا کی آخری امید کمنڈو مینڈس بھی 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 105 رنز پر گری جب ویلالاگے 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن روِیندرا نے 4 اور میٹ ہینری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

اس طرح سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناسکی اور نیوزی لینڈ نے یہ میچ 61 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کرلیا جب کہ اس جیت کے ساتھ ہی کیوی ٹیم ky میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے پہنچنے کی امیدیں روشن ہیں۔

سری لنکا آؤٹ، پاکستان کی مشکلات میں بھی اضافہ

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ گروپ ٹو کا یہ میچ ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا دونوں کی بقا کے لیے اہمیت کا حامل تھا، جہاں مسلسل دو شکستوں کے بعد اب سری لنکا کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوگیا ہے جب کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے چانسز بھی مزید کم ہوگئے۔  سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس 3.05 ہوگیا جب کہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46 ہے۔

نیوزی لینڈ گروپ میں آخری میچ جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اپنا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، نیوزی لینڈ ٹیم انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا۔

انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد بھی پاکستان کو سری لنکا سے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہوگا، اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔

میچ کا ٹاس

کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے 46 ویں میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس میچ کےلیے سری لنکا کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں کامل مشرا کی جگہ پر تجربہ کار چریتھ اسالانکا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکا کی ٹیم میں کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، چریتھ اسالانکا، پوان رتنانائیکے، کمنڈو مینڈس، دنتھ ویلالاگے، دشان ہیمانتھا، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فین ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، کول میک کونچی، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل ہے۔

یہ میچ ٹی 20 ورلڈ کپ کی انتہائی اہم مرحلے کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں گروپ 2 کی ٹیمیں سپر ایٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے لڑ رہی ہیں۔

Read Comments