شائع 27 فروری 2026 10:48pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

جمعے کو کولمبو میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے نویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 159 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کا سنہری موقع مل گیا اور گرین شرٹس کی امیدیں برقرار ہیں۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان میں سے کون سی ٹیم سیمی فائنل میں جائے گی، اس کا فیصلہ کل پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں ہوگا۔ پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔

پاکستان کو سری لنکا کو کتنے رنز سے ہرانا ہوگا؟

پاکستان کل پالی کیلے میں سری لنکا کے خلاف سپر ایٹ مرحلے کا اپنا آخری میچ ایونٹ میں بقا کی جنگ کے طور پر کھیلے گا، جس میں نہ صرف گرین شرٹس کو فتح درکار ہے بلکہ اسے رن ریٹ کے لیے بھی ایک سخت چیلنج درپیش ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو 64 رنز سے شکست دینا ہوگی اور اگر سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کی تو ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کو مطلوبہ ہدف 13 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا جب کہ پاکستان کی ہار یا برے رن ریٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

واضح رہے انگلینڈ کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد گروپ ٹو میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے اور انگلش ٹیم نے پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی بھی کرچکی ہے۔

Read Comments