آپریشن غضب للحق: پاک فوج کا طالبان کی مرکزی پوسٹ پر کنٹرول، ویڈیو منظر عام پر آگئی
آپریشن غضب للحق جاری ہے جب کہ افغان طالبان مرکز پوسٹ پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کا پاک فوج موثر جواب دے رہی ہے، 28 فروری 2026 کو دن کی روشنی میں بہادر پاکستانی جوانوں کی افغانستان میں داخل ہونے کی خصوصی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ پاکستانی فوجی جوانوں نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ سرحدی باڑ عبور کی اور تیزی سے افغان طالبان کی مرکز پوسٹ کی جانب پیش قدمی کی، پاکستانی فورسز کو دیکھتے ہی افغان طالبان فرار ہونے لگے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے مؤثر جوابی کاروائی کرتے ہوئے افغان طالبان مرکز پوسٹ پر کنٹرول حاصل کر لیا، پاک فوج نے بھرپور کارروائی کے دوران افغان طالبان کے کمپاؤنڈز کلیئر کر کے دشمن کے جھنڈے اتار دیے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔
پاک فوج نے افغان خرچار چیک پوسٹ کے پرخچے اڑادیے
دوسری جانب افغان طالبان کی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بھرپور اور طاقتور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔
اتوار کے روز سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے کرم سیکٹر سے ملحقہ افغان خرچار چیک پوسٹ کے پرخچے اڑادیے اور اس دوران متعدد افغان فوجی جہنم واصل کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کے بعد افغان طالبان بھاری جانی و مالی نقصان اٹھا رہے ہیں، آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف پاکستان کا بھرپور رد عمل جاری ہے، پاک فوج نے سرحدی علاقہ میں افغان طالبان کی پوسٹ کو دھماکہ خیز موادسے اڑادیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ افغان طالبان رجیم کو ہر محاذ پر پاک فوج کے ہاتھوں مسلسل پسپائی کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات 26 فروری کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔ پاک فوج نے افغانستان کی حدود کے اندر مختلف مقامات پر جوابی کارروائیاں کیں اورکابل، قندھار اور پکتیا سمیت دیگر مقامات پر موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کیں۔
ہفتے 28 فروری کو وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کے خلاف کی جانے والی جوابی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کیں، جس کے مطابق اب تک آپریشن میں 352 افغان اہلکار مارے جا چکے ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 535 سے زائد ہے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ افغانستان کی 130 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں اور پاکستان نے 26 افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جب کہ افغان طالبان کے 171 ٹینک اور آرمڈ وہیکلز بھی اس آپریشن میں تباہ کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ افغانستان کے 41 مقامات کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔