شائع 01 مارچ 2026 05:18pm

ایران پر حالیہ حملے کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف کا بڑا بیان آگیا

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ حملے انتہائی افسوسناک ہیں اور ہمیں اُس پر دلی رنج ہے۔

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف حملے کی مذمت کی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، ایسے میں اگر ہم اپنے ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کو پرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے بچیں، قومی اتحاد اور استحکام ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے  آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پرپاکستان کا ہر شہری غمزدہ  ہے۔ شہری  قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، شہری پرامن طریقے سے احتجاج کریں۔

واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے، کراچی میں ایم ٹی خان روڈ پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں  ہوئیں اور ہنگامہ آرائی کے دوران 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

امریکی قونصل خانے میں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور پولیس چوکی کو آگ لگادی۔ پولیس کی مزید نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کنٹرول کرلیے۔ نمائش چورنگی پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ شاہین کمپلیکس پر بھی مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔ آئی آئی چندریگر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا گیا ہے۔

Read Comments