شائع 02 مارچ 2026 08:41am

حزب اللہ کے اسرائیل پر حملوں کے جواب میں اسرائیل کے بیروت پر فضائی حملے

ایران کے بعد لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر راکٹ اور ڈرونز برسانا شروع کر دیے ہیں۔ جس کے بعد اسرائیل کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملے شروع کر دیے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے شہر حیفہ میں ایک اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ تنظیم نے اس کارروائی کو آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا ردعمل قرار دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے داغے گئے ڈرونز اور راکٹوں کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ لبنان اور اس کے عوام کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قیادت واضح کرچکی ہے کہ اسرائیلی حملوں کے تسلسل، قائدین، نوجوانوں اور عوام کے قتل نے ہمیں اپنے دفاع اور جواب دینے کا حق دیا ہے۔

اسرائیلی افواج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے اور اہم رہنماؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل نے لبنان کے 50 سے زائد قصبوں اور دیہات کے رہائشیوں کو فوری طور پر انخلا کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں حملے کیے جا سکتے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری انتباہ میں شہریوں کو کم از کم ایک ہزار میٹر دور کھلے مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسرائیل اور لبنان کے درمیان 2024 میں امریکی ثالثی میں جنگ بندی طے پائی تھی۔ جس کے بعد حزب اللہ لبنان کی جانب سے اسرائیل پر یہ پہلا حملہ ہے۔

Read Comments