اپ ڈیٹ 02 مارچ 2026 01:16pm

مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹس کریش

کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی اور 15 ہزار پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد کاروبار ایک گھنٹے کے لیے روکنا پڑا۔

مارکیٹ کا آغاز ہی بھاری مندی سے ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 68 ہزار پوائنٹس سے گر کر 1 لاکھ 53 ہزار پوائنٹس پر آگیا۔ ہنڈرڈ انڈیکس اور تھرٹی انڈیکس میں 10 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی۔ قواعد کے مطابق اگر کے ایس ای 30 انڈیکس پانچ منٹ میں پانچ فیصد گرے تو کاروبار روک دیا جاتا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اپنی اسٹاک مارکیٹس دو روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت دبئی فنانشل مارکیٹ اور ابوظبی سیکیورٹیز ایکسچینج پیر اور منگل کو بند رہیں گی۔ کویت اسٹاک مارکیٹ کو بھی اگلے نوٹس تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایشیا کی دیگر مارکیٹوں میں بھی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 2 فیصد کمی ہوئی، تائیوان میں 2.3 فیصد، جاپان میں 1.5 فیصد جبکہ شنگھائی اسٹاک مارکیٹ 0.27 فیصد کمی کے ساتھ کھلی۔ امریکا اور یورپ کی مارکیٹوں میں بھی منفی رجحان رہا۔

امریکی ڈاؤ جونز انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس اور نیسڈیک میں 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ جرمنی، فرانس، اسپین، آسٹریا، اٹلی اور ترکیہ کی مارکیٹوں میں بھی مندی دیکھی گئی، جبکہ جاپان، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، بھارت اور تھائی لینڈ میں بھی دباؤ برقرار رہا۔

اُدھرعالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت چار ڈالر تہتر سینٹس اضافے کے بعد 60 ڈالر 60 سینٹس فی بیرل تک پہنچ گئی۔

اپریل کے لیے امریکی خام تیل کے سودے 71 ڈالر 20 سینٹس فی بیرل میں طے ہو رہے ہیں، جس میں چار ڈالر 18 سینٹس کا اضافہ ہوا۔ سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فی اونس قیمت 73 ڈالر 86 سینٹس بڑھ کر 5 ہزار 352 ڈالر تک پہنچ گئی۔

Read Comments