اپ ڈیٹ 02 مارچ 2026 05:08pm

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، پاکستانی کھلاڑیوں پر 50، 50 لاکھ جرمانہ

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ناقص کارکردگی پاکستانی کرکٹرز کی جیب پر بھاری پڑ گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں پر 50، 50 لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اہم فیصلہ کیا ہے، میگا ایونٹ سے باہر ہونے پر کھلاڑیوں کی سرزنش کرتے ہوئے 50،50 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں پر واضح کیا ہے کہ اب پرفارمنس دکھانے پر ہی انہیں مالی مراعات دی جائیں گی۔

ورلڈ کپ میں پرفارم نہ کرنے پر قومی ٹیم کی ایک بار پھر سرجری کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے بابر اعظم سمیت کئی کھلاڑیوں کو ٹی 20 کرکٹ میں نہ کھیلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نیدرلینڈز سے ابتدائی مقابلے میں شکست سے بال بال بچی پھر امریکا کو بھی ہرا دیا، سری لنکن کنڈیشنز سے واقفیت اور معیاری اسپن بولرز کی موجودگی میں اس بار بھارت کے خلاف بہتر کھیل کی توقع تھی، البتہ ایشیا کپ کے تین میچز کی طرح ناکامی ہی ہاتھ آئی۔

نمیبیا کو زیر کرکے قومی ٹیم نے سپر8 میں تو جگہ بنا لی مگر نیوزی لینڈ سے مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا، پھر انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کی محتاج ہوگئی۔

انگلینڈ نے کیویز کو ہرا کر پاکستانی امیدیں جگائیں مگر سری لنکا کے خلاف ٹیم کی بمشکل فتح سے رن ریٹ بہتر نہ ہو سکا، یوں نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں رسائی مل گئی اور گرین شرٹس کا سفر ختم ہوگیا۔ اس کارکردگی سے شائقین کی طرح بورڈ حکام بھی ٹیم سے خاصے ناراض ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت قومی کرکٹرز کی سالانہ آمدنی کروڑوں میں ہے، اے کیٹیگری پلیئر کا ماہانہ 45 لاکھ روپے معاوضہ اور آئی سی سی کی آمدنی کا شیئر 20 لاکھ 70 ہزار روپے ہے، بی کیٹیگری کو 30 لاکھ ماہانہ معاوضہ اور 15 لاکھ 52 ہزار 500 آئی سی سی شیئر دیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث سلیکٹر علیم ڈار نے سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے

ذرائع نے بتایا ہے کہ سیلکٹر علیم ڈار نے ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

Read Comments