شائع 05 مارچ 2026 09:52am

حرمین شریفین: رمضان میں خصوصی اسکاؤٹ فورس عمرہ زائرین کی خدمت میں مصروف

رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں آنے والے زائرین اور عمرہ ادا کرنے والوں کی سہولت کے لیے خصوصی خدمت کیمپ قائم کیے گئے ہیں، ان کیمپوں میں ایک ہزار سے زائد اسکاؤٹ لیڈرز اور رضاکاروں نے حصہ لیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق یہ رضاکارانہ پروگرام پورے رمضان المبارک میں جاری رہتا ہے۔ اس کا مقصد عمرہ ادا کرنے والوں، عبادت کے لیے آنے والے افراد اور روزہ دار زائرین کو مختلف سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس کام کے لیے اسکاؤٹس مقامی حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اسکاؤٹ ٹیموں کی ذمہ داریوں میں زائرین کو راستہ بتانا، انہیں مختلف مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا اور ہجوم کو منظم رکھنے میں مدد کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ رضاکار بزرگ افراد اور معذور زائرین کی مدد بھی کرتے ہیں تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔ ضرورت کے وقت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری مدد اور دیگر عملی تعاون بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان رضاکاروں کو اپنی خدمات انجام دینے سے پہلے باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے۔ تربیتی پروگراموں کے ذریعے انہیں مختلف حالات میں کام کرنے اور زائرین کی بہتر رہنمائی کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔

اس تربیت کا مقصد یہ ہے کہ اسکاؤٹس میدان میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں اور خدمات کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔

سعودی عربین اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے مطابق یہ خدمت کیمپ ایک منظم نظام کے تحت چلائے جاتے ہیں جس میں اسکاؤٹنگ کے مختلف شعبے مل کر کام کرتے ہیں۔ اس کے لیے واضح منصوبہ بندی اور باقاعدہ انتظامی ڈھانچہ بنایا گیا ہے تاکہ کام مؤثر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی مسجد الحرام میں لاکھوں عازمین عمرہ اور نمازیوں کی آمد و رفت کو منظم رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں۔ داخلی اور خارجی راستوں، صحنِ مطاف اور منزلوں پر ہجوم کی روانی کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرنے کے لیے ہائی ٹیک سسٹمز، اسمارٹ مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل رہنمائی ایپس استعمال کی جا رہی ہیں۔

مخصوص راستوں، بیریئرز اور رہنمائی بورڈز کے ساتھ ساتھ رضاکار اور سیکیورٹی اہلکار طواف اور نماز کے بعد نکلنے والے زائرین کو اس انداز سے تقسیم کرتے ہیں کہ کسی مقام پر دھکم پیل یا بدنظمی پیدا نہ ہو۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات لاکھوں افراد کے اجتماع کو محفوظ اور پُرامن رکھنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں، تاکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے والے لاکھوں مسلمانوں کو عبادت کے دوران آسانی اور سکون کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Read Comments