5 دن سے بھارت میں پھنسی ویسٹ انڈیز ٹیم کے کوچ ڈیرن سیمی نے خاموشی توڑ دی

مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدہ صورت حال کے باعث ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھارت میں ہی رکنے پر مجبور ہوگئی۔
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2026 05:32pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدہ صورت حال کے باعث ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھارت میں ہی رکنے پر مجبور ہوگئی، جس پر ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ میں صرف گھر جانا چاہتا ہوں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہونے کے باوجود 5 روز سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم تاحال بھارت کے شہر کولکتہ میں موجود ہے جب کہ ان کی وطن واپسی کے انتظامات تاحال نہیں ہو سکے۔

ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف گھر واپس جانا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ کم از کم ٹیم کو صورت حال سے آگاہ کیا جائے کہ روانگی آج ہوگی، کل ہوگی یا اگلے ہفتے۔ 5 دن ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز ان ٹیموں میں شامل ہے جو مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث بھارت میں پھنس گئی ہیں۔ عام فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے آئی سی سی کو ٹیموں کی واپسی کے انتظامات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آئی سی سی کی جانب سے ویسٹ انڈیز کو بتایا گیا تھا کہ ٹیم کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لندن کے راستے کیریبین واپس بھیجنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور امکان تھا کہ ٹیم ہفتے کے وسط میں بھارت سے روانہ ہو جائے گی تاہم اب تک کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے یکم مارچ کو سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں بھارت کے خلاف کولکتہ میں اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔

دوسری جانب زمبابوے کے لیے بدھ کے روز اچھی خبر سامنے آئی جب آئی سی سی کی جانب سے متبادل سفری انتظامات کے بعد ٹیم کے کچھ کھلاڑی نئی دہلی سے وطن روانہ ہو گئے۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کو پروازوں کی دستیابی اور نئے راستوں کے باعث مختلف گروپس میں ہرارے بھیجا جا رہا ہے۔ پہلے زمبابوے کی واپسی دبئی کے راستے طے تھی تاہم اب ٹیم ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا کے راستے وطن جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا بھی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے اور اب اسے بھی وطن واپسی کے شیڈول کا انتظار ہے جب کہ اگر انگلینڈ سیمی فائنل میں بھارت سے ہار جاتا ہے تو اس کی ٹیم کی واپسی کے انتظامات بھی ترتیب دینا ہوں گے۔

Read Comments