پہلی ملاقات کیسے محبت میں بدل گئی؟ محمود اسلم کا دلچسپ انکشاف
پاکستان کے نامور سینئر اداکار محمود اسلم نے اپنی پہلی محبت اور شادی سے جڑے وہ دلچسپ واقعات شیئر کیے جو اس سے قبل منظرِ عام پر نہیں آئے تھے۔
محمود اسلم نے حال ہی میں نجی چینل کے ایک پروگرام میں اپنی محبت کی شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکار نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی دراصل ایک غیر متوقع واقعے کے بعد محبت میں بدل گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں وہ اوپن ایئر تھیٹر میں کام کیا کرتے تھے۔ ایک موقع پر مزاحیہ اداکار مرحوم امان اللہ نے مذاق میں کہا کہ تم ایسے بات کر رہے ہو جیسے سہگل خاندان کے داماد ہو۔ حیران کن طور پر بعد میں حقیقت میں ایسا ہی ہوا اور وہ اسی خاندان کے داماد بن گئے۔
محمود اسلم نے مزید بتایا کہ گریجویشن کے بعد وہ ملازمت کی تلاش میں تھے۔ اسی دوران ایک دوست نے کہا کہ چلو میں تمہیں ایک نوکری دلوا دیتا ہوں اور ساتھ آئس کریم بھی کھاتے ہیں۔ وہ مجھے ایک سیاستدان کے پاس لے گیا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ اس سیاسی شخصیت نے مجھ سے کہا، ‘تم یہ سیلز مین کی نوکری کیوں کر رہے ہو؟ موٹر سائیکل پر آئس کریم کیسے بیچو گے؟ تم پڑھے لکھے ہو اور اچھے خاندان سے تعلق رکھتے ہو، یہ کام تمہارے لیے مناسب نہیں ہے۔’ اس شخصیت نے میری قابلیت دیکھتے ہوئے مجھے ایک نئے کھلنے والے آئس کریم پارلر میں منیجر کی نوکری دے دی۔۔
اداکار کے مطابق ان کی ہونے والی اہلیہ جو اس وقت امریکا سے آئی تھیں اکثر اپنی سہیلیوں کے ساتھ اس پارلر آتی تھیں۔ ان کی سہیلیاں بھی مجھے دیکھنے آتی تھیں کیونکہ میں اس وقت ڈراموں میں کام کر چکا تھا اور ایک ڈرامے میں میں اپنے منفی کردار کی وجہ سے کافی مشہور ہو گیا تھا۔
محمود اسلم نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ کی سہیلیاں انہیں تنگ کرنے کے لیے ’پرینک کالز‘ بھی کیا کرتی تھیں لیکن جب ان کی اہلیہ نےبراہ راست ان سے بات کی تو پھر یہ تعلق آگے بڑھتا گیا اور انہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
محمود اسلم نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کی دو شادیاں ہیں اور وہ دونوں خاندانوں کو بہت اچھے طریقے سے سنبھال رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی دونوں شادیاں ”محبت کی شادیاں“ تھیں اور وہ اپنی زندگی میں بہت مطمئن اور خوش ہیں۔
محمود اسلم کئی دہائیوں سے ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور متعدد یادگار ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے طویل کیریئر میں کئی کامیاب کردار ادا کیے ہیں جنہوں نے انہیں ناظرین میں خاص مقام دلایا۔