پانچ ارب سے زیادہ اسٹار فش کیوں ہلاک ہوئیں؟ سائنسدانوں نے دس سال بعد وجہ معلوم کرلی
سائنسدانوں نے بالآخر یہ معلوم کر لیا ہے کہ پیسفک ساحل کے قریب دس سالہ وبا میں پانچ ارب سے زیادہ اسٹار فش کیوں ہلاک ہوئیں۔ اسٹار فش عام طور پر پانچ بازو رکھتے ہیں جبکہ کچھ اقسام کے 24 بازو تک ہو سکتے ہیں۔ ان کا رنگ نارنجی ، جامنی، بھورا اور سبز کے امتزاج تک مختلف ہوتا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 2013 میں ایک پراسرار بیماری نے میکسیکو سے لے کر الاسکا تک اسٹار فش کو تباہی سے دوچار کیا۔ اس وبا نے اسٹار فش کی بیس سے زائد اقسام کو متاثر کیا اور آج بھی جاری ہے۔ اس کا سب سے زیادہ شکار سن فلاور اسٹار فش کی ایک قسم ہوئی، جس کی آبادی پہلے پانچ سالوں میں تقریباً 90 فیصد کم ہو گئی۔
کینیڈا کے بریٹش کولمبیا میں ہاکائی انسٹی ٹیوٹ کی ماہر سمندری بیماریوں ایلیسا گہمین نے بتایا کہ یہ منظر واقعی خوفناک تھا۔ صحت مند اسٹار فش کے بازو پھولے ہوئے اور سیدھے نکلے ہوتے ہیں، لیکن بیماری میں ان پر زخم آ جاتے ہیں اور بازو الگ ہو جاتے ہیں۔
نئی تحقیق کے مطابق اس کا سبب وہ بیکٹیریا ہے جو شیل فش میں بھی پایا جاتا ہے۔ یہ مطالعہ جریدے نیچر ایکالوجی اینڈ ایولیوشن میں شائع ہوا۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سانتا باربرا کی ماہر مائیکرو بایولوجی ربیکا ویگا تھربر نے کہا کہ یہ تحقیق ”سمندر کی ایک بہت سنگین بیماری کے بارے میں سوال کو حل کرتی ہے۔“
اس بیماری کی وجہ جاننے میں دس سال سے زیادہ وقت لگا۔ ابتدائی تحقیق میں وائرس پر شبہ کیا گیا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ جس ڈینسووائرس پر سائنسدان توجہ مرکوز کر رہے تھے، وہ صحت مند اسٹار فش میں عام طور پر موجود ہوتا ہے اور بیماری سے تعلق نہیں رکھتا۔
پرانے طریقوں میں بیکٹیریا کو نہیں پہچانا جا سکا کیونکہ وہ مردہ اسٹارز کے ٹشوز میں نہیں پائے جاتے تھے، لیکن نئی تحقیق میں ان کے جسم کے ارد گرد موجود سیلومک فلوئڈ کا تجزیہ کیا گیا، جہاں بیکٹیریا وائبریو پیکٹینیسڈا دریافت ہوا۔
یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا، ولمنگٹن کے مائیکرو بایولوجسٹ بلیک اوشیجیما نے کہا کہ ”ایسی ماحولیات کی بیماریوں کا سراغ لگانا انتہائی مشکل کام ہے، خاص طور پر پانی کے نیچے۔“
اب جبکہ وجہ معلوم ہو گئی ہے تو سائنسدان اسٹار فش کی حفاظت کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔ سائنسدان یہ بھی جانچ سکتے ہیں کہ کچھ آبادیوں میں قدرتی مدافعت موجود ہے یا پروبائیوٹکس جیسے علاج مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
یہ کام صرف اسٹار فش کے لیے نہیں بلکہ پورے پیسفک ماحول کے لیے اہم ہے۔