رمضان اسپیشل: سحری کے لیے توانائی بخش اور ہائیڈریٹنگ غذائیں

کئی طرح کے صحت مند اور مزیدار کھانوں میں سے انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
شائع 06 مارچ 2026 12:14pm

رمضان میں سحری کی بہت اہمیت ہے کیونکہ یہ جسم کو پورے دن کی توانائی اور طاقت فراہم کرتی ہے۔ سحری میں شامل غذائیں نہ صرف جسم کو دیر تک بھرا رکھیں بلکہ ضروری غذائی اجزاء بھی مہیا کریں تاکہ روزہ آسانی سے اور بغیر کسی کمزوری کے گزارا جا سکے۔

اس لیے سحری میں ایسی غذائیں منتخب کرنا ضروری ہے جو توانائی بخش ہوں، ہائیڈریشن برقرار رکھیں اور جسم کو دن بھر فعال رکھیں۔

خوش قسمتی سے سحری کے لیے کئی طرح کے صحت مند اور مزیدار کھانوں میں سے انتخاب ممکن ہے۔

انڈے

انڈے پروٹین، وٹامنز اور ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں اور ایک صحت مند سحری کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ یہ دیر تک بھوک کو دور رکھتے ہیں اور جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔

انڈے کئی طرح سے کھائے جاسکتے ہیں۔ آپ سبزیوں کے ساتھ بھرا ہوا آملیٹ بنا سکتے ہیں اور اسے براؤن بریڈ کے ساتھ پیش کر سکتے ہیں، یا اسکرمبلڈ انڈے تیار کر کے نٹ بٹر لگے براؤن بریڈ پر رکھ سکتے ہیں۔

اُبلے ہوئے انڈے بھی ایک آسان حل ہیں جنہیں آپ ہفتے کے لیے محفوظ کر سکتے ہیں اور بعد میں سلاد میں شامل کر کے ایک مزیدار اور صحت بخش کھانے کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔

دلیہ

دلیہ ایک پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذا ہے جو توانائی فراہم کرتی ہے اور دیر تک بھوک کو دور رکھتی ہے۔ اسے مزیدار بنانے کے لیے آپ دودھ اور کیلے کے ساتھ اسموتھی تیار کر سکتے ہیں یا اس میں گری دار میوے شامل کر کے ذائقہ اور غذائیت بڑھا سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کی سحری نہ صرف لذیذ بلکہ توانائی بخش بھی ہوگی۔

مچھلی اور چکن

چکن اور مچھلی سحری میں توانائی بڑھانے والے بہترین ذرائع ہیں۔ مچھلی کو تلنے سے گریز کریں کیونکہ تلی ہوئی غذائیں جسم میں پانی کی کمی اور پیاس پیدا کر سکتی ہیں۔ چکن میں ایسے غذائی اجزاء ہوتے ہیں جو روزہ رکھنے والے کو دن بھر فعال رہنے میں مدد دیتے ہیں۔ چکن سبزیوں کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔

پھل اور سبزیاں

پھل اور سبزیاں وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں اور توانائی برقرار رکھنے کے ساتھ ہائیڈریشن میں بھی مددگار ہیں۔ تربوز، اسٹرابیری، آڑو، سنگترہ، ٹماٹر، کھیرے، سلاد پتیاں، پالک اور سیلری ایسے انتخاب ہیں جو دن بھر توانائی بخش اور تازگی دینے والے ہیں۔ آپ مختلف پھلوں اور سبزیوں کو ملا کر ایک خوش ذائقہ اور صحت مند سلاد بھی بنا سکتے ہیں، جس سے ایک ساتھ کئی غذائی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

گری دار میوے

گری دار میوے غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں اور تھوڑی مقدار میں بھی پیٹ بھراسکتے ہیں۔ انہیں دودھ یا دہی کے ساتھ کھانا بہترین انتخاب ہے۔ بادام یا مونگ پھلی کے مکھن کو براؤن بریڈ کے ساتھ کھانے سے دیر تک توانائی ملتی ہے۔

ان غذاؤں کو سحری میں شامل کر کے آپ پانی اور توانائی برقرار رکھ سکتے ہیں اور روزے کو آسانی سے گزار سکتے ہیں۔

Read Comments