رمضان کے آخری عشرے میں ہائی اسپیڈ حرمین ٹرین کے یومیہ 140 ٹرپس

ہائی سپیڈ حرمین ریلوے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروس ہے۔
شائع 11 مارچ 2026 12:37pm

سعودی ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسافروں کی سہولت کے لیے ہائی سپیڈ حرمین ٹرین کی یومیہ ٹرپس کو بڑھا کر 140 کر دیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، رمضان کے دوران اندرون ملک اور بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان سفر کرتے ہیں۔ اس موقع پر ریلوے انتظامیہ نے خصوصی آپریشنل پلان کے تحت 3,662 ٹرپس کا شیڈول بنایا ہے، جس سے 1.7 ملین سے زائد مسافروں کو نشستوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ہائی سپیڈ حرمین ریلوے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروس ہے، جس کی انتہائی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

اس طرح سفر کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے کم ہو جاتا ہے، جس سے زائرین حرمین شریفین میں زیادہ وقت گزار سکتے ہیں۔

سعودی ریلوے کا مقصد وقت کی پابندی کو یقینی بنانا ہے تاکہ مسافر اپنے شیڈول کے مطابق روانگی اور آمد کر سکیں۔ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جانے والی ٹرین رابغ شہر میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی، جدہ ایئرپورٹ اور جدہ کے سلیمانیہ اسٹیشن سے گزرتی ہے، جبکہ واپسی کا راستہ بھی یہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ رمضان میں آخری 10 دنوں کے دوران ہائی اسپیڈ حرمین ٹرین نے روزانہ تقریباً 130 ٹرپس چلائے تھے۔ جبکہ اس سال یومیہ ٹرپس کو 140 اور ممکمہ طور پر اس سے کچھ زیادہ کر دیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ہے تاکہ عمرہ کرنے والوں اور دیگر مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔

Read Comments