تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لیے دنیا کے 10 محفوظ ترین ممالک
اکیلے سفر کا رجحان خواتین میں تیزی سے بڑھ رہا ہے، لیکن سب سے بڑی فکر ہمیشہ دوران سفر ان کی حفاظت کی ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں خواتین کے لیے محفوظ ترین مقامات کون سے ہیں؟
ویمن، پیس اینڈ سیکیورٹی(ڈبلیو پی ایس) انڈیکس 2025–26 کی تازہ رپورٹ کے مطابق شمالی یورپی اور کچھ ویسٹرن ممالک خواتین کے لیے اکیلے سفر کے سب سے محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کرتے ہیں۔
یہ انڈیکس 181 ممالک میں خواتین کی شمولیت، عدلیہ اور سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، وہ ممالک جہاں صنفی مساوات مضبوط ہے، معاشرتی اعتماد زیادہ ہے اور تشدد کی شرح کم ہے، خواتین کے لیے اکیلے سفر کے لیے سب سے موزوں سمجھے جاتے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں 2026 میں خواتین کے لیے اکیلے سفر کے لیے دنیا کے سب سے محفوظ دس ممالک کون سے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سال کی رینکنگ میں شمالی یورپی ممالک اور کچھ ویسٹرن یورپی ممالک نے فہرست میں اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔
یہاں خواتین کے لیے بہترین سماجی پالیسیاں، صنفی مساوات اور تشدد کی نہ ہونے کے برابر شرح انہیں دنیا بھر کی سیاحوں کے لیے پہلی پسند بناتی ہے۔
ڈنمارک
ڈنمارک خواتین کے لیے دنیا کا سب سے محفوظ ملک ہے۔ یہاں کمیونٹی کی حفاظت، اقتصادی شمولیت اور سیاسی نمائندگی بہت مضبوط ہے۔ اداروں پر اعلیٰ اعتماد اور مضبوط سماجی پالیسیاں خواتین کے اکیلے سفر کے لیے ماحول کو محفوظ بناتی ہیں۔
ناروے
ناروے صنفی مساوات اور حفاظت کے لحاظ سے بہترین ممالک میں شامل ہے۔ مضبوط ویلفیئر سسٹمز، امتیاز کے خلاف قوانین اور عوامی تحفظ کی اعلیٰ سطح نے اسے خواتین کے لیے پرامن مقام بنایا ہے۔
آئس لینڈ
آئس لینڈ اپنی ترقی پسند صنفی پالیسیز کم جرائم کی شرح اور مضبوط قانونی تحفظ خواتین کے اکیلے سفر کے لیے پرکشش ماحول فراہم کرتے ہیں۔
سویڈن
سویڈن میں صنفی مساوات اور متاثرین کے حقوق پر زور ہے۔ ملک کا مضبوط عدالتی نظام اور محفوظ عوامی ڈھانچہ خواتین کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرتا ہے۔
فن لینڈ
فن لینڈ تعلیم، سماجی مساوات اور حفاظت کے لحاظ سے اعلیٰ کارکردگی دکھاتا ہے۔ خواتین کی سیاسی شرکت اور قانونی تحفظات یہاں کے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بناتے ہیں۔
لکسمبرگ
لکسمبرگ خواتین کے مالیاتی شمولیت اور عدلیہ تک رسائی کے لیے نمایاں ہے۔ کم جرائم اور مضبوط سماجی حفاظت کے نظام نے اسے اکیلے سفر کرنے والی خواتین کے لیے محفوظ بنایا ہے۔
بیلجیم
بیلجیم میں تعلیم، لیبر مارکیٹ میں حصہ داری اور قانونی تحفظات خواتین کے لیے مضبوط ہیں۔ محفوظ شہری ماحول اور مستحکم ادارے اسے خواتین کے لیے پرکشش بناتے ہیں۔
نیدرلینڈز
نیدرلینڈز کا کام اور زندگی میں توازن، ترقی پسند پالیسیاں اور شمولیتی معاشرہ خواتین کے لیے اسے خوشگوار بناتا ہے۔ محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ اور منصوبہ بند شہر خواتین کے اکیلے سفر کے لیے مددگار ہیں۔
آسٹریا
آسٹریا مستحکم حکومت، مضبوط قانونی تحفظ، اورعوامی حفاظت کے لحاظ سے اعلیٰ درجہ رکھتا ہے۔ محفوظ شہروں اور موثر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک نے خواتین کے لیے سفر کو آسان بنایا ہے۔
نیوزی لینڈ
غیریورپی ممالک میں نیوزی لینڈ وہ واحد ملک ہے جو اپنی جمہوری اقدار اور خواتین کے لیے دوستانہ کلچر کی وجہ سے ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
یہ ممالک خواتین کے لیے اکیلے سفر کے دوران امن، سہولیات، اور تحفظ کے اعلیٰ معیار فراہم کرتے ہیں، جس سے وہ آزادانہ طور پر اور اعتماد کے ساتھ دنیا کی سیر کر سکتی ہیں۔