’رِچ ڈیڈ پوور ڈیڈ‘: دولت حاصل کرنے کا وہ راز جو اسکول اور کالج کبھی نہیں سکھاتے

کتاب 'امیر باپ غریب باپ' میں سوچ کا وہ فرق بتایا گیا ہے جو زندگی بدل دیتا ہے۔
شائع 14 مارچ 2026 10:09am

اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ زندگی میں کامیابی صرف سخت محنت سے حاصل ہوتی ہے۔ بچپن سے ہمیں یہی سکھایا جاتا ہے کہ جتنی زیادہ محنت یا کام کرو گے اتنا ہی آگے بڑھو گے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ کامیابی صرف محنت سے نہیں بلکہ درست سوچ سے شروع ہوتی ہے۔

جب انسان اپنی سوچ بدل لیتا ہے تو وہ سمجھنے لگتا ہے کہ صرف پیسے کے لیے کام کرنا کافی نہیں بلکہ ایسا نظام بنانا ضروری ہے جہاں پیسہ بھی اس کے لیے کام کرے۔ یہی فرق عام اور کامیاب لوگوں کی زندگی میں نمایاں ہوتا ہے، اور یہی وہ نقطہ ہے جہاں سے مالی آزادی اور حقیقی کامیابی کا سفر شروع ہوتا ہے۔

مشہور کتاب ”رِچ ڈیڈ پوور ڈیڈ“ (امیر باپ غریب باپ) کے مصنف رابرٹ کیوساکی نے ایک نہایت دلچسپ انداز میں بتایا ہے کہ امیر اور غریب لوگوں کے درمیان اصل فرق دولت میں نہیں بلکہ سوچ میں ہوتا ہے۔

وہ کتاب میں اپنی زندگی کے دو کرداروں کا ذکر کرتے ہیں جنہیں وہ ”امیر باپ“ اور ”غریب باپ“ کہتے ہیں۔ ان دونوں کی تعلیم، تجربہ اور زندگی کے نظریات مختلف تھے، اور یہی فرق بعد میں پیسے، کام اور کامیابی کے بارے میں ان کی سوچ میں بھی واضح نظر آتا تھا۔

پیسے کے بارے میں دونوں کا نظریہ بالکل مختلف تھا۔ غریب باپ کا ماننا تھا کہ پیسے کی محبت انسان کو برائیوں کی طرف لے جاتی ہے، اس لیے اسے زندگی کا مرکز نہیں بنانا چاہیے۔ اس کے برعکس امیر باپ سمجھتا تھا کہ اصل مسئلہ پیسے کی محبت نہیں بلکہ پیسے کی کمی ہے۔ اس کے نزدیک پیسہ ایک طاقت ہے جسے سمجھداری سے استعمال کیا جائے تو یہ انسان کو آزادی اور مواقع فراہم کرتا ہے۔

کام اور کیریئر کے حوالے سے بھی دونوں کی سوچ مختلف تھی۔ غریب باپ ہمیشہ یہی مشورہ دیتا تھا کہ خوب محنت سے پڑھو تاکہ کسی بڑی کمپنی میں اچھی نوکری حاصل ہو جائے اور زندگی محفوظ ہو جائے۔ دوسری طرف امیر باپ کا نقطۂ نظر اپنے بیٹے کو یہی سکھاتا تھا کہ تعلیم اس لیے حاصل کرو تاکہ تم اتنے قابل بن جاؤ کہ ایک دن خود کمپنی کے مالک بن سکو۔ اس کے نزدیک ملازمت سے زیادہ اہم چیز کاروبار اور سرمایہ کاری تھی، کیونکہ یہی وہ راستے ہیں جن سے دولت پیدا ہوتی ہے۔

امیر اور غریب سوچ کے درمیان سب سے بڑا فرق یہی ہے کہ عام لوگ ساری زندگی پیسے کے لیے کام کرتے رہتے ہیں، جبکہ امیر لوگ ایسا نظام بناتے ہیں جس میں پیسہ ان کے لیے کام کرتا ہے۔

غریب باپ ہر مہینے تنخواہ آنے کا انتظار کرتا ہے، لیکن امیر باپ ہمیشہ اس بات پر غور کرتا ہے کہ آمدنی کے مزید ذرائع کیسے پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

سوچ کا ایک اور اہم فرق سوال کرنے کے انداز میں نظر آتا ہے۔ جب کوئی چیز مہنگی ہوتی ہے تو غریب ذہن فوراً کہتا ہے کہ ”میں یہ نہیں خرید سکتا“، اور اس طرح دماغ سوچنا بند کر دیتا ہے۔ لیکن امیر ذہن خود سے یہ سوال کرتا ہے کہ ”میں اسے کیسے خرید سکتا ہوں؟“ یہی سوال انسان کو نئے راستے تلاش کرنے اور مواقع پیدا کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

اسی طرح رابرٹ کیوساکی اثاثوں اور ذمہ داریوں کے فرق کو بھی بہت اہم قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اکثر لوگ ایسی چیزیں خریدتے ہیں جنہیں وہ اثاثہ سمجھتے ہیں، حالانکہ وہ دراصل ذمہ داریاں ہوتی ہیں کیونکہ وہ جیب سے پیسہ نکالتی ہیں۔ اس کے برعکس امیر لوگ ایسی چیزوں پر سرمایہ لگاتے ہیں جو مسلسل آمدنی پیدا کریں، جیسے سرمایہ کاری، کاروبار یا کرائے پر دی گئی جائیداد۔

کتاب میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عام ملازم پہلے ٹیکس ادا کرتا ہے اور پھر اپنی ضرورتوں کے لیے خرچ کرتا ہے، جبکہ امیر لوگ اپنے مالی نظام کو اس طرح ترتیب دیتے ہیں کہ پہلے کمائی اور اخراجات کو منظم کریں اور بعد میں باقی بچنے والی رقم پر ٹیکس ادا کریں۔

اسی طرح خوف بھی عام لوگوں کو ایک نہ ختم ہونے والی دوڑ میں مبتلا رکھتے ہیں جسے مصنف ”ریٹ ریس“ کہتے ہیں۔

آخر میں مصنف اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ روایتی تعلیم انسان کو صرف نوکری کے قابل بناتی ہے، جبکہ اصل کامیابی کے لیے مالی تعلیم یعنی پیسے کو سمجھنے کی صلاحیت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امیر باپ کی سوچ صرف محنت تک محدود نہیں رہتی بلکہ وہ ذہانت، مالی شعور اور سرمائے کے درست استعمال کو کامیابی کی بنیاد سمجھتا ہے۔

مالی آزادی حاصل کرنے کے لیے ایک اہم قدم مالی منصوبہ بندی ہے۔ اکثر لوگ یہ شکایت کرتے ہیں کہ ان کے پاس پیسہ نہیں بچتا، لیکن حقیقت یہ ہوتی ہے کہ انہیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کا پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے۔

آج کے دور میں کاروبار کے مواقع بھی پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔ انٹرنیٹ نے دنیا کو ایک گلوبل مارکیٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔ اب ایک نوجوان اپنے گھر بیٹھ کر بھی اپنا کاروبار شروع کر سکتا ہے۔ آن لائن خرید و فروخت، فری لانسنگ، بلاگنگ اور ویڈیو کنٹینٹ تخلیق کرنا ایسے راستے ہیں جن کے ذریعے لوگ بغیر بڑے سرمائے کے بھی اچھی آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ اصل چیز سرمایہ نہیں بلکہ سوچ اور ہمت ہے۔

یاد رکھیں محنت ضروری ہے، لیکن وہ محنت جو ’درست سمت‘ میں ہو، جو عقل اور حکمت کے ساتھ کی جائے، وہی انسان کو عام زندگی سے نکال کر غیر معمولی کامیابی تک پہنچاتی ہے۔

Read Comments