جی 7 ممالک کا ایران سے فوری اور غیرمشروط طور پر حملے روکنے کا مطالبہ

شہری آبادی اور توانائی کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، مشترکہ بیان
شائع 22 مارچ 2026 09:15am

عالمی سفارتی محاذ پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں جی 7 ممالک نے ایران سے فوری اور غیرمشروط طور پر تمام حملے روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا پر مشتمل جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں ایران اور اس کے اتحادی گروہوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے بلاجواز ہیں اور خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جی 7 ممالک اپنے علاقائی شراکت داروں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ شہری آبادی اور توانائی کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، جس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جی 7 ممالک عالمی توانائی کی فراہمی کو برقرار رکھنے اور اسے سہارا دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹا جا سکے۔

دوسری جانب ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک، توانائی کے انفراسٹرکچر اور آبنائے ہرمز کے ذریعے گزرنے والی شپنگ کو نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث تیل کی ترسیل متاثر ہو کر معطل ہو چکی ہے، اور عالمی منڈی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے میزائل حملوں سے اسرائیل کے جنوبی شہر دیمونا کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 51 افراد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے شہر دیمونا میں ایٹمی تنصیبات موجود ہیں، فی الحال ایٹمی تنصیبات پر کسی قسم کے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

Read Comments