سینیٹر شیری رحمان کی بیٹی ماروی ملک انتقال کرگئیں

صدرِ مملکت کا ماروی ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2026 03:03pm

سینیئر سیاستدان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کی اکلوتی بیٹی ماروی خورشید ملک 39 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں، جس پر سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سینیٹر شیری رحمان ماروی ملک کو دماغی ایمبولزم کے باعث تشویشناک حالت میں کراچی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں تاہم جانبر نہ ہو سکیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ماروی ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

صدرآصف زرداری نے کہا کہ اللّہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

سینیٹر شیری رحمٰن کی بیٹی کے انتقال پر شازیہ مری کی جانب سے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماروی ملک کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی افسردہ اور صدمے سے دوچار ہے۔

شازیہ مری کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں شیری رحمٰن اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے بھی شیری رحمان کی بیٹی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ایکس پر لکھا کہ یہ ایک ناقابلِ یقین نقصان ہے، اور میری دعائیں اس انتہائی مشکل وقت میں شیری رحمان اور ان کے پورے خاندان کے ساتھ ہیں۔

صحافیوں اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے بھی شیری رحمان کی صاحبزادی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ بروز پیر 23 مارچ 2026 کو کراچی میں ادا کی جائے گی۔

Read Comments